جناب معظم خاں کی قیادت میں دھرنا پر آر جے ڈی کی یقین دہانی
حیدرآباد۔ 31۔دسمبر(اعتمادنیوز) نقیب ملت بیرسٹراسدالدین اویسی ایم پی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی ہدایت پر جناب محمد معظم خان ایم ایل اے (مجلس) حلقہ بہادر پورہ نے گورنمنٹ اردو میڈیم اسکولس کے اہم مسائل کی یکسوئی کیلئے آج صبح مجلس ٹیچرس یونین اے پی کے عہدیداروں کے ساتھ ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹر اسکولس ایجوکیشن کے آفس واقع گن فاونڈری (روبرو نظام کالج) پر شدید دھرنا دیا۔ جس کے نتیجہ میں ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن مستان ایا نے انہیں پیش کردہ تفصیلی یادداشت میں ذکر کردہ مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ جلد سے جلد ان کی یکسوئی کیلئے ضروری کارروائی کریں گے۔ جن میں اردو میڈیم پرائمری اسکولس کو ہائی اسکول کا درجہ دینا‘ گزیٹیڈ ہیڈ
ماسٹر کی مخلوعہ جائیداد کو پرکرنا‘ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر اور ڈپٹی انسپکٹرس آف اسکولس کی جائیدادوں پر16منڈلوں میں جو عہدیدار زائد ذمہ داری انجام دے رہے ہیں اس کی بجائے تمام مخلوعہ عہدوں کو پرکرنا‘ اسپیشل ودیا والینٹرس جو DSC 2002کے سرکاری ٹیچرس ہیں انہیں گذشتہ 4ماہ سے نہیں دی گئی تنخواہ کی فی الفور اجرائی‘ ڈی ایس سی 2012کے 117عہدوں پر دوبارہ تقرر‘ زیر تعمیر اسکول کی عمارتوں کی جلد سے جلد تکمیل‘ ودیا والینٹرس جو ستمبر سے دسمبر تک کی تنخواہ کی اجرائی‘ اسکولس انفراسٹرکچرس کی فراہمی شامل ہیں۔ اس دھرنا میں مجلس ٹیچرس یونین اے پی کے مسرس محمد عبدالعلیم صدر ‘ شفیع اﷲ قریشی جنرل سکریٹری‘ مرزا صفی احمد بیگ فینانس سکریٹری کے علاوہ معین الدین صدر ضلع‘ محمدیوسف جنرل سکریٹری ضلع‘ مسز روبینہ نازنین ‘ نازمین پروین‘ میمونہ بیگم اور دوسرے شامل ہیں۔